ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / شوبھا کرندلاجے کی حماقت؛"مردہ " خودپکار اٹھا کہ "میں زندہ ہوں!"راج ناتھ سنگھ کو بھیجے گئے مراسلے میں زندہ شخص کا نام مقتولوں میں شامل!

شوبھا کرندلاجے کی حماقت؛"مردہ " خودپکار اٹھا کہ "میں زندہ ہوں!"راج ناتھ سنگھ کو بھیجے گئے مراسلے میں زندہ شخص کا نام مقتولوں میں شامل!

Wed, 19 Jul 2017 13:32:47    S.O. News Service

منگلورو،19؍جولائی (ایس او نیوز)جنوبی کینرا ضلع میں فرقہ وارانہ تشدد میں مارے گئے افراد کی جو فہرست رکن پارلیمان شوبھا کرندلاجے نے مرکزی ہوم منسٹرراج ناتھ سنگھ کوایک مراسلے میں بھیجی ہے، اس میں ایک زندہ شخص کا نام بھی شامل ہونے کی بات سامنے آئی ہے جسے مقتول بتایا گیا ہے۔اور اس فہرست میں اپنا نام شامل دیکھ کر مبینہ"مردہ " خودپکار اٹھا ہے کہ "میں زندہ ہوں!"

موصولہ تفصیلات کے مطابق شوبھا کرندلاجے نے اپنی فہرست میں جس زندہ شخص کانام بطور مقتول شامل کیا ہے وہ اشوک پجاری ہے۔ شوبھا نے ہوم منسٹر کو لکھے گئے مراسلے میں اس بات کا تذکرہ کیا ہے کہ سدارامیا کی قیادت والی ریاستی کانگریسی حکومت کے گزشتہ 4سالہ دور میں ہندو لیڈروں، آر ایس ایس اور سنگھ پریوار کے رضاکاروں کا قتل بے روک ٹوک جاری ہے ۔پی ایف آئی ، کے ایف ڈی اور جہادی تنظیموں کے ذریعے یہ قتل کیے جارہے ہیں۔23ناموں پر مشتمل مقتولوں کی اس فہرست میں شوبھانے اشوک پجاری کانام بھی شامل کرتے ہوئے بتایا ہے کہ پی ایف آئی کے ذریعے اس کا قتل ہوا ہے۔جبکہ کچھ عرصے پہلے اشوک پجای پر قاتلانہ ہوا ضرور تھا، مگر وہ اسپتال میں علاج کے بعد صحت مند ہوکر واپس گھر لوٹ آیا ہے۔اشوک نے خود پریس کو بتایا کہ 2015میں مجھ پر6افراد پر مشتمل ایک گروہ کے ذریعے ہوئے قاتلانہ حملے میں زخمی ضرور ہواتھا، لیکن ہلاک نہیں ہوا تھا۔تقریباً ایک ڈیڑھ مہینے تک اسپتال میں علاج کے بعد میں ٹھیک ہوگیا ہوں اور ابھی زندہ ہوں۔
پتہ چلا ہے کہ رکن پارلیمان شوبھا نے اپنے مراسلے میں خود کشی اور غیر فطری اموات کے معاملوں کو بھی مسلم انتہا پسند تنظیموں کی طرف سے جاری ہندوؤں کے قتل کی فہرست میں جمع کردیا ہے۔

خیال رہے کہ ابھی دو دن پہلے یڈی یورپا کی قیادت میں بی جے پی لیڈران نے دہلی پہنچ کرہوم منسٹر کو ایک میمورنڈم بھی سونپا ہے جس میں قتل کی ان وارداتوں کی تحقیقات این آئی اے کے ذریعے کروانے کے علاوہ این آئی اے کی یونٹ منگلورو میں قائم کرنے کامطالبہ کیاہے۔اس میمورنڈم میں بھی قاتلانہ حملوں کے لئے پی ایف آئی اور کے ایف ڈی کو ذمہ دار ٹھہرایا گیا ہے۔


Share: